نوابشاہ نہری پانی سے محروم آبادگارسڑکوں پر آگئے خودسوزی کی کوشش

خواتین اور بچوں کا پریس کلب پر دھرنا، ٹریفک معطل، با اثر زمیندار پر پانی زبردستی اپنی زمینوں میں لے جانے کا الزام

مظاہرین نے آبپاشی کے افسران و زمیندار خوشحال زرداری کے خلاف نعرے لگائے۔

آبادگار کا نہری پانی نہ ملنے پر احتجاج جاری، بچوں و خواتین کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ و دھرنا، خود سوزی کی کوشش صحافیوں و دیگر افراد نے ناکام بنادی ،پولیس کی جانب سے احتجاج ختم کرانے کی کوشش، گرفتار کرکے جیل بھیجنے کی دھمکیاں۔

تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے علاقے ڈھورو نارو شاخ کے آبادگار شاہ بیگ زرداری نے علاقے کے زمیندار خوشحال زرداری کی زیادتیوں اور زرعی پانی زبردستی اپنی زمینوں میں لے جانے کے خلاف منگل کے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا، بچوں اور خواتین کے ہمراہ آبادگار شاہ بیگ زرداری نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین نے آبپاشی کے افسران و زمیندار خوشحال زرداری کے خلاف نعرے لگائے۔




پولیس کی بھاری نفری لاٹھیوں سمیت دھرنے کی جگہ پہنچی اور احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی لیکن آبادگار نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا۔ آبادگار نے احتجاجاً پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی مگر موجود افراد اور صحافیوں نے اسے بچالیا ۔اسی اثناء میں زرداری ہاؤس کی جانب سے احتجاج ختم کرانے اور مسئلہ حل کرانے کے لیے الیاس زرداری اور اعجاز ہالیپوٹہ کو بھیجا گیا جس کی یقین دہانی پر آبادگار نے احتجاج ختم کیا۔
Load Next Story