نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت ہے بلاول بھٹو زرداری

عمران خان نے خود نواز شریف کو بیرون ملک جانے دیا اب وہ مزید جھوٹ نہ بولیں، چیئرمین پیپلز پارٹی

حکومت کوعوام کی مرضی سے ریاست چلانے پر مجبور کریں گے، بلاول بھٹو فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، مثبت تنقید بغاوت یا غداری نہیں ہوتی بلکہ حکومت کو صحیح راستہ دکھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مثبت تنقید کا خیرمقدم کیا ہے، ریاست کو مختلف آوازیں برداشت کرنی چاہییں، ان آوازوں کو دبانےکی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔


چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے تو کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، وزیراعظم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس گیا تو خود کشی کرلوں گا، آئی ایم ایف پیکج عوام کے مفاد میں ہونا چاہیے لیکن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں، ہر پاکستانی کا مسئلہ مہنگائی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی جنگ لڑرہی ہے، ہم نے نواز شریف کے دور میں بھی غلط پالیسی پر آواز اٹھائی، جب نوازشریف پارلیمان کواہمیت نہیں دیتے تھے تو ہم آوازاٹھاتے تھے۔ ہم حکومت کوعوام کی مرضی سے ریاست چلانے پر مجبورکریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت ہے،عمران خان نے خود نواز شریف کو بیرون ملک جانے دیا اب وہ مزید جھوٹ نہ بولیں۔
Load Next Story