کراچی میں فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 4 افراد ہلاک

پیرآباد میں 2 ،نیوکراچی میں ایک ہلاک، خدادادکالونی میں اے ایس آئی علی محسن کونشانہ بنایاگیا

پیرآباد میں 2 ،نیوکراچی میں ایک ہلاک، خدادادکالونی میں اے ایس آئی علی محسن کونشانہ بنایاگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی سمیت4 افراد ہلاک اور12 افراد زخمی ہوگئے۔

خداداد کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی علی محسن جعفری ہلاک ہوگیا ، ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹر ہمایوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول سید علی محسن جعفری بریگیڈ پولیس لائن کا رہائشی تھا اور واقعے کے وقت اپنی رہائش گاہ سے نکلا تھا ، محسن موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ خداداد کالونی اور کشمیر روڈ کے سنگم پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا ، مقتول کی عمر 40 برس تھی ،پیرآباد کے علاقے میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔


ایس ایچ او پیرآباد اشفاق بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولین کی شناخت ذاکر حسین اور ضامن شاہ کے نام سے ہوئی ، واقعے میں ایک شخص گل حیات زخمی بھی ہوا ،نیو کراچی صنعتی ایریا میں فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا ، نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق زید کی نیو کراچی سیکٹر F-5 میں درزی کی دکان تھی اور واقعے کے وقت وہ اپنی دکان پر موجود تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان آئے اور اس پر فائرنگ کردی،علاقے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقتول مذہبی جماعت کے کارکن کا بھائی تھا۔

شاہ فیصل کالونی میں انسٹیٹیوٹ کے اندر فائرنگ سے پرنسپل 52 سالہ شہزاد اور وائس پرنسپل 47 سالہ ذوالفقار زخمی ہوگئے ، ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی نسیم فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ شاہ فیصل کالونی نمبر چار میں ووکیشنل انسٹیٹیوٹ قائم ہے جس کے مضروب پرنسپل اور وائس پرنسپل ہیں ، واقعے کے وقت وہ انسٹیٹیوٹ کے کوریڈور میں موجود تھے کہ 2 ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، لانڈھی مانسہرہ کالونی میں فائرنگ سے 30 سالہ ایاز خان پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ، ناظم آباد میں بس میں سفر کے دوران ڈکیتی میں مزاحمت پر 30 سالہ ناصر زخمی ہوگیا ۔

سائٹ ایریا کے علاقے افضا الطاف فلائی اوور کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ ارشد محمود زخمی ہوگیا ، عباسی شہید اسپتال میں ایک مریض کے ساتھ آنیوالے سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے سے 28 سالہ ابراہیم اور 30 سالہ اکمل زخمی ہوگئے ، پاپوش کے علاقے میں جناح پولی ٹیکنیک کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 4 افراد 30 سالہ ارشد ، 45 سالہ شکیل ، 35 سالہ سعید اور 23 سالہ نوید ولد زمان زخمی ہوگئے ۔دریںاثنا آرام باغ تھانے کی حدود شاہراہ لیاقت برنس روڈ آرام باغ مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ عزیز ولد ندیم زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story