شام کے شہرادلب میں روس کی بمباری سے 15 افراد جاں بحق

عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 نوزائیدہ بچے اور 9 خواتین بھی شامل ہیں

نشانہ بنائے گئے پولٹری فارم میں 50 سے زائد بے گھر شامی شہری پناہ گزین تھے۔ فوٹو، فائل

شام کے شہر ادلب میں روسی طیاروں کی بمباری سے 15بے گھر شہری جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معرۃ المصرین کے علاقے میں ہونے والے اس حملے میں ایک پولٹری فارم کو نشانہ بنایا گیا جہاں شامی حکومت کے زیر انتظام حلب کے مغربی اور ادلب کے جنوبی علاقوں سے بے گھر ہونے والے 50 کے قریب افراد پناہ گزین تھے۔

ایک اسپتال ورکر کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب روسی جنگی طیاروں نے پولٹری فارم پر 8 میزائل داغے۔ عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چھ ماہ سے کم عمر کے دو بچے اور 9 خواتین بھی شامل ہیں۔

کارروائی روس اور ترکی کے مابین ادلب کی صورت حال اور جنگ بندی پر ماسکو میں مذاکرات سے چند گھنٹے پہلے کی گئی ہے۔ ترکی گزشتہ ہفتے اپنے 33 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شام میں کارروائیوں کا آغاز کرچکا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: شامی اور روسی فوجیں باز نہ آئیں تو ادلب میں بڑی کارروائی کریں گے، ترک صدر

گزشتہ دسمبر سے 10لاکھ سے زائد شامی شہری ملک کے اندر ترکی کے سرحدی علاقوں میں بے گھر ہوکر منتقل ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے اسے بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ادلب ؛ 9 لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کو منجمد کردینے والے موسم کی ہلاکت خیزی کا سامنا

 

 
Load Next Story