شہید اہلکاروں کے لواحقین کیلیے پلاٹمفت تعلیم کا اعلان

پلاٹ کراچی میں دیے جائیں گے،صدر زرداری نے وفاقی و سندھ حکومت کو ہدایت کردی

پلاٹ کراچی میں دیے جائیں گے،صدر زرداری نے وفاقی و سندھ حکومت کو ہدایت کردی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
صدر آصف علی زرداری نے وفاقی اور سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز ، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے افسروں اور جوانوں کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے اور ان کے اہل خانہ کو رہائشی پلاٹ دینے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔


اس ضمن میں ایوان صدر سیکریٹریٹ سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو دو خطوط لکھے گئے ہیں ۔ ایک خط میں وزیراعظم سیکریٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان شہداء کے بچوں کو گریجویشن کی سطح تک مفت تعلیم فراہم کی جائے اور اس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کریگی۔ وزیر اعظم سیکریٹریٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردے ۔

ایک دوسرا خط چیف منسٹر سندھ سیکریٹریٹ کو لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز ، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت پانے والے افسروں اور جوانوں کے لواحقین کو مفت رہائشی پلاٹ فراہم کیے جائیں ۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت سندھ ڈیفنس ہائوسنگ سوسائٹی فیز 9 کراچی میں اس مقصد کے لیے 1200 ایکڑ اراضی مختص کر رہی ہے ،صدر جلد اس رہائشی اسکیم کا افتتاح کریں گے۔
Load Next Story