کوشش ہے میٹرک کے امتحانات وقت مقررہ پر ہوں وزیر تعلیم سندھ

بورڈ نے تمام اسکولز کو ایڈمٹ کارڈ وصول کرنے کی ہدایات کردی، وزیرتعلیم

بورڈ نے تمام اسکولز کو ایڈمٹ کارڈ وصول کرنے کی ہدایات کردی، وزیرتعلیم

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ میٹرک کے امتحانات وقت مقررہ پر ہی ہوں گے۔

کراچی میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے باعث طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے، لیکن ہم چھوٹی مشکل سے بچنے کے لئے بڑی مشکل کا راستہ نہیں کھول سکتے۔

سعید غنی نے کہا کہ میٹرک کے امتحانات کے ایڈمٹ کارڈ کے اجراء کا بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے تمام اسکولوں کو نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے کہ وہ اپنے طلبہ کے ایڈمیٹ کارڈ وصول کرلیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ امتحانات وقت مقررہ پر ہی ہوں اور ایڈمٹ کارڈز بھی تمام بچوں کو مل سکیں۔


کورونا وائرس اور تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے باعث میٹرک امتحانات کے حوالے سے طلبہ و طالبات اور والدین میں پائی جانے والی بے چینی کے سوال کے جواب میں وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ترقی یافتہ ممالک جن کے پاس صحت کی تمام سہولیات مہیا ہیں انہوں نے بھی اپنے تعلیمی ادارے بند کردیے جبکہ کئی ممالک نے جمعہ کے اجتماعات سمیت دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے اسکول کے بچوں کو اس وبا سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر تعلیمی ادارے بند کئے ہیں، جس کے باعث ضرور مشکلات کا سامنا ہے۔ لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم ایک چھوٹی مشکل کے لئے کسی بڑی مشکل کا راستہ کھول دیں۔

سعید غنی نے کہا کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے گزشتہ روز تمام اسکولز کو نوٹیفیکیشن کے ذریعے میٹرک کے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ وصول کرنے کی ہدایات دے دی ہیں جبکہ ہفتہ کو اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں محکمہ تعلیم کے ماہرین اور افسران اس سلسلے میں اپنی رائے بھی دیں گے اور ہم ایڈمٹ کارڈز اور امتحانات کے انعقاد کو وقت مقررہ پر کرنے کے حوالے سے تمام وسائل کو بروئے کار بھی لائیں گے۔
Load Next Story