پاکستان اور جرمنی کا اسٹرٹیجک مذاکرات پر اتفاق ہوگیا

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہونگے،حنا کھر، گیڈو ویسٹر

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہونگے،حنا کھر، گیڈو ویسٹر۔ فوٹو: اے پی پی

KARACHI:
پاکستان اور جرمنی کے درمیان اسٹرٹیجک مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن واستحکام کیلیے تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے ، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جرمنی کے ساتھ اسٹرٹیجک مذاکرات شروع کرنے پر پاکستان کو فخر ہے،جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا یورپی پارٹنر ہے،دونوں ممالک کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہونگے ۔منگل کو یہاں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے جرمن ہم منصب گیڈو ویسٹر ویلے کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک مذاکرات کے شیڈول سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ حناربانی کھر نے کہاکہ جرمنی کے ساتھ اسٹرٹیجک مذاکرات شروع کرنے پر پاکستان کو فخر ہے ،جرمنی پاکستان کو سب سے بڑا یورپی پارٹنر ہے۔انھوں نے کہاکہ 2 ہزار پاکستانی طلبہ جرمنی میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ،پاکستان اور جرمنی کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہونگے،جرمنی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔

انھوںنے کہاکہ جرمنی اور پاکستان کے مذاکرات کھلے اور شفاف دل سے ہوئے کامیاب اور مستحکم افغانستان پورے خطے کے لیے اہم ہے اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے کہاکہ افغانستان کے معاملے کو حل کرنے کے لیے تمام پڑوسی ممالک میں یکساں دلچسپی پائی جاتی ہے،انھوں نے کہاکہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ۔انھوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، اس سے قبل ایک برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھرنے کہاکہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کا ایک ایسا حل چاہتا ہے، جس کا فیصلہ خود افغان عوام کریں۔
Load Next Story