لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی اور سمت پٹیل کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں جلدی گرادیں جس کی بدولت وہ صرف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بناسکے۔
ہدف کے تعاقب میں فخرزمان نے سہیل اختر کے ساتھ ملکر جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن فخر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان سہیل کی ناقص بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
محمد حفیظ اور بین ڈنک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔ حفیظ 32 گیندوں پر 39 اور ڈنک 21 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا اور اپنے اگلے ہی اوور میں احمد شہزاد کو بھی آؤٹ کرکے کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
بعد ازاں سمت پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 1، جیسن روئے 6، اعظم خان اور بین کٹنگ کو صفر پر پویلین واپس بھیج کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
محمد نواز نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ 26 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد راجا فرضان کا شکار بنے جب کہ فواد احمد کی وکٹ بھی فرضان کے حصے میں آئی وہ 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سہیل خان نے 35 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی وہ سلمان ارشاد کا شکار بنے۔