کراچی میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں مزید 3 افراد موت کی نیند سلادیئے گئے

قتل کی وارداتیں وائرلیس گراؤنڈ، کشمیر کالونی اور گڈاپ پل میں ہوئیں ہیں جبکہ لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

لیاری کے علاقے کمہاڑ واڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سال کا عبدالستار زخمی ہو گیا. فوٹو: فائل

شہر قائد میں جہاں ایک جانب پولیس اور رینجرزکے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں وہیں قانون شکن افراد بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جنہوں نے آج بھی مختلف علاقوں میں 3 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود آباد کے علاقے معصوم شاہ کالونی وائرلیس گراؤنڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت رفاقت کے نام سے ہوئی، کشمیر کالونی میں واقع ایک ہوٹل میں ڈکیٹی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ہوٹل کے مالک کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی، گڈاپ پل کے قریب بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا جس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔


دوسری جانب لیاری کے علاقے کمہاڑ واڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ عبدالستار زخمی ہو گیا، جسے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمی شخص کا تعلق گینگ وار گروپ سے بتایا جارہا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story