مسائل کا حل مذاکرات ہیں انتخابات وقت پر ہونگے صدر زرداری

بلدیاتی نظام پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے،گورنر وزیراعلیٰ سے گفتگو،اجلاس سے خطاب، لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر بریفنگ

بلدیاتی نظام پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے، گورنر اور وزیراعلیٰ سے گفتگو، اجلاس سے خطاب، لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر بریفنگ۔ فوٹو: آن لائن

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ تمام مسائل اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا ہے۔

تمام مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہوتا ہے، آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہونگے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کیلیے تمام سیاسی قوتیں اپنا کردار ادا کرتی رہیں، سندھ میں ایسا بلدیاتی نظام تشکیل دیا جائے جس سے عوام کے مسائل فوری حل ہو سکیں۔ وہ منگل کو بلاول ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کو سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے قیام کیلیے جاری کیے جانے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2012 ء کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور صدر مملکت کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے اور ہم اتحادی جماعتوں کے تعاون سے عوام کے مسائل کے حل اور ملکی ترقی کیلیے اقدامات کرتے رہیں گے۔


صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں پینے کے پانی، سڑکوں کی تعمیر، سیوریج اور دیگر عوامی نوعیت کے منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں اور آج ملک میں جمہوریت کی مضبوطی مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ صدر نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کیلیے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

بعد ازاں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے صدر مملکت سے ون ٹو ون ملاقات کی اور صدر کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے جاری کیے جانے والے آرڈیننس کے ڈرافٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ بلدیاتی نظام کا معاملہ خوش اسلوبی سے جلد از جلد حل کیا جائے، اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے منگل کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں کراچی میں بلند عمارتوں کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں گورنر، وزیراعلیٰ ، صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں صدر مملکت کو کراچی میں بلند عمارتوں کی تعمیرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ بلند عمارتوں کی تعمیرات کے حوالے سے اجازت دینے والے ادارے اس بات کا خیال رکھیں کہ جو بھی عمارتیں تعمیر کی جائیں وہ مکمل قوانین کے مطابق تعمیر ہوں۔ بلند عمارتوں کی تعمیرات سے قبل بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ان میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو کوئی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

Recommended Stories

Load Next Story