مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید

قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا

نوجوانوں کو ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سرس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا اس دوران مریضوں کو لینے آنے والی ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔


سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا اور شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم حقائق زیادہ دیر چھپ نہیں پائے اور علاقہ مکینوں نے جعلی مقابلے کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے وفاق کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیا جہاں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جارہی ہے جس کیخلاف عالمی قوتوں نے بھی مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے لیکن بھارتی حکومت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
Load Next Story