سوڈان کے وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

وزیراعظم عبداللہ حمدوک کو سیکیورٹی حصار میں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا

وزیراعظم کے قافلے کی 2 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، فوٹو : ٹویٹر

KARACHI:
سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں قافلے میں شامل 2 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حملہ آور فرار ہوگئے اور کسی گروپ نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سوڈان میں فوج نے 30 سال سے برسراقتدار صدر عمر البشیر کا تختہ الٹ دیا


قاتلانہ حملے میں وزیراعظم عبداللہ حمدوک خوش قسمتی سے محفوظ رہے جنہیں سخت سیکیورٹی حصار میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملہ دارالحکومت خرطوم کو جانے والی شاہراہ پر کیا گیا۔ عبداللہ حمدوک کو 7 ماہ قبل ہی سیاسی بحران کے شکار سوڈان کا عبوری وزیراعظم تعینات کیا گیا تھا۔ وہ ایک ماہر معاشیات ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر کو کرپشن الزامات پر 2 سال قید

واضح رہے کہ 30 سال تک سوڈان کے صدر رہنے والے عمر البشیر کو طویل عوامی مظاہروں کے بعد گزشتہ برس فوج نے معزول کرکے حراست میں لے لیا تھا تاہم سیاسی بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا جس کے خاتمے کے لیے بنائی گئی سلامتی کونسل نے عبد اللہ حمدوک کو عبوری مدت کیلیے ملک کا وزیراعظم مقرر کیا تھا جن کی کابینہ میں 6 شہری اور 5 ملٹری آفیسرز شامل ہیں۔
Load Next Story