جنرل راحیل شریف آج پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے

کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو میں ہوگی جس کے انتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں۔

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف کے حوالے کریں گے۔ فوٹو:فائل

جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد جنرل راحیل شریف آج پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے، کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو میں ہوگی جس کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نئے سپہ سالار جنرل راحیل شریف آج پاک فوج کی کمان سنبھال لیں گے۔ کمان سنبھالنے کی پروقار تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہوگی جس میں مسلح افواج کے سربراہان سمیت افواج پاکستان کے حاضر سروس اور اعلیٰ ریٹائرڈ افسران، سول سوسائٹی، تعلیم سمیت مختلف شعبہ جات کی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ بیورو کریسی، میڈیا کے علاوہ اس اہم تقریب میں سیاسی نمائندگی بھی ہوگی۔


تقریب کی فل ڈریس ریہرسل بھی کرلی گئی۔ آرمی چیف جنرل کیانی کو فوج کی طرف سے الوداعی گارڈ آف آنر دینے کی بھی تیاری ہے۔ کمان کی تبدیلی کی تقریب کے لئے سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں، صبح 10:20 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک راولپنڈی صدر اور اس کے اطراف کی سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہیں گی۔

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف کے حوالے کریں گے۔ روایتی چھڑی نئے جنرل کے ہاتھ میں آتے ہی پاک فوج کا سپہ سالار تبدیل ہوجائے گا اور جنرل کیانی کا فوج میں 42 سالہ ملازمت کا طویل سفر بھی مکمل ہو جائے گا۔
Load Next Story