کیانی آج کمان جنرل راحیل کے حوالے کر دیں گے کور کمانڈرز کا خراج تحسین صدر وزیر اعظم سے الوداعی ملاقاتیں

تقریب آج صبح جی ایچ کیومیںہوگی،عظیم فوج کی 6سال تک کمانڈپرفخرہے،جنرل کیانی کا کورکمانڈرزکانفرنس سے خطاب

کیانی کا کیریئرکے آخری روز خوشگوارموڈ،تعاون پررفقا کاشکریہ اداکیا،جنرل راحیل نے عشائیہ دیا،صدر،وزیراعظم کانیک خواہشات کااظہار فوٹو : فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی آج جمعے کو اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے اور پاک آرمی کی کمان نئے تعینات ہونیوالے جنرل راحیل شریف کے حوالے کریں گے۔

اس حوالے سے آج جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں خصوصی تقریب ہوگی جس میں جنرل کیانی کمان راحیل شریف کے حوالے کریں گے۔ گزشتہ رات جنرل راحیل شریف نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں الوداعی عشائیہ دیا جس میں کور کمانڈرز سمیت فوج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی پاک فوج میں دی جانے والی خدمات کو سراہا اور ان کی عمدہ کارکردگی کی تعریف کی۔ دریں اثناء جمعرات کو کورکمانڈرز کی 166 ویں کانفرنس ہوئی، جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس الوداعی کانفرنس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کی۔ انھوں نے چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے اپنی مدت کے دوران فراخدلی سے پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرنے پر تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف افسران کا شکریہ ادا کیا۔




آرمی چیف نے نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور نامزد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے اور باوقار عہدوں پر تقرری پر مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے پاک آرمی کیلیے خدمات انجام دینے پر لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم کو بھی سراہا۔ جنرل کیانی اپنی ریٹائرمنٹ کے روز بھی خوشگوار موڈ میں تھے ۔ کانفرنس سے اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ دنیاکی عظیم ترین فوج کی 6 سال تک کمانڈ کرنے پر فخر ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

ہم نے مشکلات، تنقید اور درپیش چیلنجوں کے باوجود پاک فوج کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، اس وقت دنیاکی کوئی جدید فوجی ٹیکنالوجی ایسی نہیں جو پاک فوج کے پاس نہ ہو۔ جنرل کیانی نے کہا کہ میں مطمن ہوکر پاک فوج سے رخصت ہو رہا ہوں اور شاندار روایات چھوڑ کر جا رہا ہوں۔ تمام کمانڈر نے فرداً فرداً جنرل کیانی سے مصحافہ بھی کیا۔ دریں اثناء جنرل کیانی نے جمعرات کو صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں۔ صدر اور وزیراعظم نے جنرل کیانی کی بطور آرمی چیف ملک کے دفاع اور مسلح افواج کیلیے خدمات کو سراہا اور ان کیلیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
Load Next Story