چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی صدر شی جن پنگ کا ووہان کا دورہ

رواں ماہ کے اختتام تک کورونا وائرس ووہان میں ختم ہوجائے گا اور کوئی نیا مریض سامنے نہیں آئے گا، چین کا دعویٰ

ماسک پہنے ہوئے چینی صدر نے اسپتالوں کا بھی دورہ کیا، فوٹو: ٹویٹر

چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس کامیابی پر صدر شی جن پنگ نے مہلک وائرس کے مرکز ووہان شہر کا دورہ بھی کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے پہلی بار اپنے اُس شہر کا دورہ کیا جہاں سے کورونا وائرس کی ابتدا ہوئی، ووہان شہر پورے صوبے سمیت جنوری سے مکمل طور پر قرنطینہ میں تھا اور سخت اقدامات کے باعث عوام کو مکمل لاک ڈاؤن کی صورت حال کا سامنا رہا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سترہ سالہ نوجوان کی کورونا وائرس ویب سائٹ دنیا بھر میں مقبول

چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ ووہان اس مہلک وائرس پر قابو پانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، چینی صدر نے مریضوں اور طبی عملے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کیا اور ایک اسپتال کا دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران چینی صدر نے ماسک پہنا ہوا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : اٹلی کے چیف آف آرمی اسٹاف میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق


چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے اور کئی عارضی اسپتال بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ چین کا دعویٰ ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ووہان میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کے سامنے آنے کا سلسلہ مکمل طور پر رک جائے گا۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 14 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 4 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 463 ہوگئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس سے 3554 ہلاکتیں، 6 ممالک میں اولین کیسزرپورٹ

ادھر ایران میں بھی کورونا وائرس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، مزید 43 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد میں ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعاد 291 ہوگئی ہے۔ ایران نے کورونا وائرس کی وجہ سے 70 ہزار سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کا 'قرنطینہ ہوٹل' زمین بوس، متعدد ہلاکتیں

دریں اثنا امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جب کہ فرانس کے وزیر ثقافت بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ یورپ کے علاوہ بھارت، بنگلا دیش اور پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
Load Next Story