لاہور ایئرپورٹ پر آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈ مین سے رشوت لینے والا اہلکار پکڑا گیا

اہلکار عمران مظفر نے آسٹریلوی صحافی سے 50 ہزار روپے رشوت لی، سول ایوی ایشن

آسڑیلوی صحافی نے رشوت لینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کی تھی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈ مین سے پچاس ہزار روپے رشوت طلب کرنے والا اہلکار پکڑا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلوی صحافی سے پچاس ہزار روپے رشوت طلب کرنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا اور حکام کو کارروائی کا حکم دیا جس کے نتیجے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے رشوت لینے والا اہلکار پکڑا گیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عملے نے غیر ملکیوں کو بھی نہ بخشا اور ڈینس فریڈ مین سے مبینہ طور پر رشوت وصول کرلی۔ آسڑیلوی صحافی نے میلبورن پہنچتے ہی سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ایئرپورٹ اہلکاروں پررشوت لینے کا الزام لگایا اور بتایا کہ ایئرپورٹ عملے نے قطار سے بچنے میں ان کی مدد کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا، ان سے کہا گیا کہ اپنا بٹوا دکھاؤ، جو بھی کرنسی ہے دو، میں سمجھا کہ یہ قانونی ہے مگر یہ کرپشن تھی۔




ویڈیو سامنے آنے پر عمران خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور وزیراعظم سیکرٹریٹ نے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن سے رابطہ کرکے فوری تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ائیرپورٹ نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے آسٹریلوی صحافی سے رشوت لینے والے اہلکار کی نشاندہی کرکے پکڑ لیا۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران مظفر سی آئی پی لاؤنج میں پرائیویٹ کمپنی کا اہلکار ہے جس نے لاہور سے بنکاک جاتے ہوئے ڈینس فریڈ سے رشوت لی۔ اہلکار عمران مظفر کا ایئرپورٹ انٹری پاس معطل کردیا گیا ہے جب کہ اس سےمزید تحقیقات جاری ہیں۔
Load Next Story