امریکا کے نوکروں کی حکومت تک پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں عمران خان

مسلم لیگ ن نے ڈرون حملوں پر مک مکا کرلیا اگر کسی کو شک تھا تو گزشتہ رات حملے کے بعد دور ہونا چاہئے، عمران خان

22 دسمبر کو لاہور یں مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے، عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک امریکا کے نوکر ملک میں حکومت کرتے رہیں گے اس وقت تک پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے کرتےہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلی پارلیمنٹ کا متفقہ فیصلہ تھا اگر ڈرون حملے ہوئے تو نیٹو سپلائی بند کردیں گے اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انتخابی مہم میں بھی یہی نعرے لگائے گئے۔ اب ہم یہ بات کررہے ہیں تو ہمیں کہا جارہا ہے کہ پاکستان کے مفادات کے خلاف جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے وزیر اطلاعات ایسا لگتا ہے جیسے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہوں۔


تحریک انصاف کے چیرمین نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پیپلزپارٹی کی طرح نورا کشتی کھیل رہی ہے۔ نواز شریف ڈرون حملوں پر کچھ کہتے ہیں جب کہ ان کے وزرا اور شہباز شریف کے بیانات کچھ اورہیں۔ اصل بات یہ ہے امریکا اور مسلم لیگ (ن) کا ڈرون حملوں پر مک مکا ہوچکا ہے کہ آپ حملے کرتے رہیں ہم مذمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو شک تھا تو گزشتہ رات ہونے والے ڈرون حملے سے یہ شک دور ہوجانا چاہئے۔ سب کو پتا ہونا چاہئے کہ امریکا افغانستان سے نہیں جارہا۔ وہ اپنی فورسز کم کرے گا لیکن اس کے باوجود اگلے دس سال تک ڈرون حملوں کا پروگرام چلتا رہے گا کوئی یہ اس غلط فہمی نہ رہے کہ اگلی گرمیوں میں ڈرون حملے ختم ہوجائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت تک سرمایہ کاری نہیں ہوگی جب تک امن قائم اور مہنگائی پرقابونہیں پایا جائے گا، یہاں پیسے والے لوگوں کو چھوٹ اور غریبوں پر بوجھ ڈالا جاتا ہے، حکومت نے ٹیکس چوروں اور کرپٹ لوگوں کو کھلی چھوٹ دیتے ہوئے کالا دھن سفید کرنے کا ایک اور موقع دے دیا۔ انہون نے اعلان کیا کہ وہ 22 دسمبر کو لاہور یں مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے۔
Load Next Story