وزیراعظم عوام کے گھر کا خواب پورا کررہے ہیں فردوس عاشق اعوان

20 ہزار گھروں کے 7 منصوبوں کا آغاز 50 لاکھ گھروں کی جانب عملی قدم ہے، معاون خصوصی برائے اطلاعات

20 ہزار گھروں کے 7 منصوبوں کا آغاز 50 لاکھ گھروں کی جانب عملی قدم ہے، معاون خصوصی فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے گھر کا خواب پورا کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے گھر کا خواب پورا کر رہے ہیں، 20 ہزار گھروں کے 7 منصوبوں کا آغاز 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے خواب کی تعبیر کی جانب عملی قدم ہے۔


فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کم آمدن والے پاکستانیوں کا معیار زندگی بلند کرنا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے، پاکستانیوں کے لیے چھت کی فراہمی ہمارے منشور میں کیا گیا وعدہ ہے، عوام کے دل کی تمنا پوری ہوگی اور انہیں اپنے گھر کا مالک بنائیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تعمیرات کا شعبہ ترقی کرے گا، اس ایک شعبے سے 40 صنعتیں چلنے سے روزگار پیدا ہوگا اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، عمران خان قوم کا احساس رکھنے والے وہ واحد رہنما ہیں جنہوں نے کھلے آسمان تلے سونے والوں کو ٹھٹھرتی سردی اور گرمی سے بچانے کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام کیا ہے۔

بعد ازاں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100 طالبات کو اسکالرشپ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے پینڈو ہونے پر فخر ہے، آج عورت مارچ کے چرچے ہیں مگر آج کی عورت کو جہالت، بے روز گاری، غربت اور نفرت کے خلاف حقیقی مارچ کرنا ہے، ماضی کے پاکستان کی پہچان مختاراں مائی، قندیل قتل اور ملالہ یوسف زئی پر حملہ تھا، اب مستقبل میں پاکستان کی پہچان جدید ٹیکنالوجی اورہنر مند خواتین ہوگا، ہمیں خواتین کی شرح خواندگی کو 40 فیصد سے بڑھانا ہے۔
Load Next Story