ن لیگ کورونا پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہیں آئی فردوس عاشق

(ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پر وار کیا، معاون خصوصی

اوورسیز پاکستانیوں کو عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی۔


اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی۔ دنیا عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کے لئے اٹھائے گئے عمران خان کے بروقت اقدامات کی گواہی دے رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی اور بیرون ملک بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پر وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔ کاش احسن اقبال کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا۔ اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے اپوزیشن کورونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔یہ قومی مسئلہ ہے،ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔
Load Next Story