خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں بھی نماز پنجگانہ اور جمعہ کے اجتماع پر پابندی

اس سے قبل مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے علاوہ ملک کی دیگر مساجد پر باجماعت نماز پر پابندی عائد کی گئی تھی

کورونا وائرس کی وجہ سے مقدس مساجد کے دروازے نمازیوں کے لیے بند رہے، فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD:
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کی مساجد کے بعد اب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں بھی نمازِ پنجگانہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی ہے جس کے تحت مسجد نبویؐ اور مسجد الحرام کے اندر نماز جمعہ کی ادائیگی کیلیے نمازیوں کو مساجد میں داخلے سے روک دیا گیا۔

دریں اثناء مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے سیکیورٹی اور محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے مساجد کے دروازے بند کردیئے تاہم چند متعلقہ افراد کو مقدس مساجد کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ مسجد الحرام کے بیرونی حصے میں موجود اسکوائر میں بھی نمازیوں کی موجودگی پر پابندی ہے۔




اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر سعودی عرب نے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے علاوہ دیگر تمام مساجد پر باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم مساجد سے اذانیں دی جارہی ہیں لیکن اب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں مزید 36 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 274 تک جا پہنچی ہے لیکن سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے تاحال کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
Load Next Story

@media only screen and (min-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } } @media only screen and (max-width: 600px) { .sidebar-social-icons.widget-spacing { display: none; } }