شرجیل کی واپسی حفیظ نے دبے لفظوں میں مخالفت کردی

کرکٹر کی فٹنس اور ٹیلنٹ بعد میں دیانتداری پہلا معیار ہونا چاہیے،اوپنر

کرکٹر کی فٹنس اور ٹیلنٹ بعد میں دیانتداری پہلا معیار ہونا چاہیے،اوپنر۔ فوٹو : فائل     

لاہور:
محمد حفیظ نے دبے لفظوں میں شرجیل خان کے کم بیک کی مخالفت کردی۔

پی ایس ایل ٹو کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال پابندی کی سزا سنائی گئی تھی، اس کی مدت مکمل ہونے کے بعد اوپنر نے بحالی پروگرام مکمل کیا اور پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئے،انھوں نے چند اچھی اننگز بھی کھیلیں، شائقین اور چند سابق کرکٹرز شرجیل خان کو رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اننگز کے آغاز کا موقع دیے جانے کی بات کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے ایک سوال پر قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ شرجیل خان کی فٹنس پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، آسٹریلیا میں میدان بہت بڑے ہیں، فیلڈنگ میں اوپنر کو کہاں کھڑا کرینگے۔ اس بیان پر بحث چل پڑی کہ صلاحیتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فٹنس میں تھوڑی کمی کو بھی گوارا کر لینا چاہیے؟


اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر محمد حفیظ نے نام لیے بغیرکہا کہ کسی کے غیر معمولی ٹیلنٹ اور فٹنس کی باتیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں، کیا پاکستان کی نمائندگی کیلیے سب سے پہلا معیار کسی بھی کھلاڑی کی دیانت داری اور عزت نفس نہیں ہونا چاہیے؟۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ سمیت چند کرکٹرز نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی بھی مخالفت کی تھی تاہم بعد ازاں پی سی بی کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔

 
Load Next Story