سندھ اور بلوچستان میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی

مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد نماز اور جمعہ ادا کرسکیں گے، عوام الناس اپنے گھروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کریں گے

عوام الناس اپنے گھروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کریں گے ۔ فوٹو : فائل

سندھ اور بلوچستان میں مساجد میں نماز باجماعت اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظرسندھ حکومت نے ایک اوربڑا فیصلہ کرتے ہوئے آج سے 5 اپریل تک مساجد میں نماز اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی جس کا محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں ؛باجماعت نماز اور جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کا فیصلہ


صوبائی وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر مساجد میں صرف 3سے 5 افراد نماز اورجمعہ ادا کرسکیں گے، مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجدوں میں نماز کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ تمام مکاتب فکر کے علما کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے کرنے سے روک دیا

دوسری جانب محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس کی رو ک تھام کی احتیاطی تدابیر کے تناظر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کا ایڈوائزری نوٹی فیکشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تمام جامع مساجد نماز جمعہ کے لئے کھلی رہیں گی، مساجد میں نماز جمعہ کے تمام مناسک کی ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی، نماز جمعہ کی جماعت میں مسجد کے پیش امام کے علاوہ 3 سے 5 افراد جن میں موزن، کیئرٹیکر اور خادم شامل ہیں جب کہ عوام الناس اپنے گھروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کریں گے۔


نوٹی فکیشن کا اجراء کورناوائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کی آراء اور ماہرین طب کے مشورے کی روشنی میں کیا گیا ہے اور یہ نوٹی فیکشن 4 اپریل 2020 تک نا فذالعمل رہے گا جب کہ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے نوٹی فکیشن پر عملدرآمد کرائیں گے۔

Load Next Story