کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والے مسیحاؤں کو پولیس اور سماجی رہنماؤں کا سلام
ڈاکٹرز کورونا کیخلاف اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کی حفاظت میں مصروف ہیں، ایس ایس پی ملیر نسیم آرا پنہور
کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے مسیحاوُں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایس ایس پی ملیر ٹریفک نسیم آرا پنہور کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں اور سماجی رہنماوُں نے سلام پیش کیا۔
عالمی وبا کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایس ایس پی ٹریفک ملیر اور دیگر پولیس اہلکاروں نے ملیر کینٹ کے پاس ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور سوشل ورکرز جو کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر نسیم آرا پنہور نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کی جان بچانے میں مصروف ہے۔ ایس ایس پی ملیر نسیم آرا پنہورنے ڈاکٹر ہاشم سندہیان، ڈاکٹر شہباز انور کو علامتی سفید رنگ کا جھنڈا اور پھول پیش کیے۔
ڈاکٹرھاشم سندھیان نے میڈیا سے بات کرتے ہوٸے کہا کہ آج اداروں نے جس طرح ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اس سے کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، پرامیڈیکل اسٹاف کے حوصلے مزید بلند ہو گٸے ہیں۔
ڈاکٹرشھباز انور نے پورے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں سماجی رہنما راوُ محمد عدنان اور صحافی رانا خالد سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی جب کہ تقریب میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔