تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی بند کرکے عوام کی ترجمانی کی ہے شاہ محمود قریشی

5 دسمبر کو نیٹو کے سفراء سے ملاقات میں عمران خان اور میں خود ڈرون حملوں پر موقف پیش کروں گا، شاہ محمود قریشی

جب تک امریکا ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا خیبرپختونخوا سے نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جائے گی، مرکزی رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود کہتے ہیں کہ ان کی جماعت نے پاکستانی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے نیٹو سپلائی بند کی۔ 9 دن گزرگئے خیبر پختونخوا سے کوئی نیٹو ٹرک جانے نہیں دیا گیا اور امریکی یقین دہانی تک اسے بحال نہیں کریں گے۔

ملتان میں حنیف جالندھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں پرتحریک انصاف کا موقف بڑا واضح ہے، یہ مسئلہ صرف ہماری جماعت کا نہیں قومی اورانسانیت کا مسئلہ ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف قومی اتفاق رائے پیدا کررہے ہیں اور اسمبلی میں بھی آواز بلند کریں گے۔ تحریک انصاف صوبائی حکومت میں ہے اسے ڈرون حملوں کے خلاف سیکیورٹی کونسل میں جانے کا اختیار نہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے لیکن سفارتی راستے اپنانے کے باوجود ڈرون نہیں روکے گئے ۔ 5 دسمبر کو یورپی یونین اور نیٹو کے سفراء سے عمران خان اور وہ خود ملاقات کریں گے جس میں وہ ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔


شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاق کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبوں کو تحفظ فراہم کرے۔ وفاقی حکومت بیانات کی حد تک تو ہمارے موقف کی حمایت کرتی ہے لیکن اسے چاہئے ہمارے کندھے سے کندھا ملائے، پاکستانی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی بند کی۔9 دن گزرگئے کوئی نیٹو ٹرک جانےنہیں دیا گیا اور جب امریکا ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا تب تک خیبرپختونخوا سے نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جائے گی تاہم خیبر پختونخوا میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو نہیں روکا جارہا کیونکہ افغانستان سے ہم دین ، ثفاقت اور تجارت سے جڑے ہوئے ہیں۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ مدرسے دہشت گردی کی نرسریاں ہیں ، یوم عاشور کے موقع پر وفاق المدارس نے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے، راولپنڈی سانحہ کی فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی اپنی رپورٹ میں جب افسران کو غفلت کا ذمہ دار قرار دے چکی ہے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
Load Next Story