پشاور میں دہشت گردی کی واردات
پشاور میں ہفتے کو پولیو ٹیم کے محافظ دو پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا.
پشاور میں ہفتے کو پولیو ٹیم کے محافظ دو پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا' اس حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا جب کہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ اخباری اطلاعات کے مطابق دونوں پولیس اہلکار پولیو ڈیوٹی کے بعد واپس آ رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گیا۔ خیبر پختونخوا میں خاصے عرصے سے پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت کرنے والے پولیس اہلکاروں پر حملے ہو رہے ہیں' ان حملوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد خیبر پختونخوا کے شہروں اورقصبوں میں سرگرم عمل ہیں' صوبائی حکومت کو اس حوالے سے کوئی مربوط پالیسی اختیار کرنی چاہیے' اب تک یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات کے بعد قائم ہونے والی حکومت کے دور میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔پشاور شہر میں خونریز واقعات ہوئے ہیں جن میں بیسیوں بے گناہ افراد مارے گئے۔ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ بندوبستی علاقوں میں امن قائم کرے اور دہشت گردوںکی سرکوبی کرنے کے لیے جو بھی ممکن اقدامات ہیں، وہ کرے تاکہ پشاور اور دیگر شہروں میں امن و امان قائم ہو سکے۔پولیس اہلکاروں پر حملے کا مطلب ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا ہے لہٰذا ریاست کو چیلنج کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔