کورونا وبا اقوام متحدہ کا غریب ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان

فنڈ سے بحران کی شکار حکومتوں کی بحالی میں مدد کی جائے گی،اقوام متحدہ

ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 257 اموات ہو چکی ہیں،اقوام متحدہ فوٹوفائل

اقوام متحدہ نے کورونا وبا کے پیش نظر غریب ممالک کے لیے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا کے تباہ کن سماجی و معاشی اثرات کو دور کرنے کے منصوبے کا آغازکردیا۔ منصوبے میں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیےعالمی فنڈ قائم کیا جائے گا۔


سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کوویڈ 19 اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے، کورونا وائرس معاشروں اور لوگوں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے معیشت پر طویل مدتی اثرات ہوں گے جنہیں حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 257 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ 204 ممالک میں 6 لاکھ 97 ہزار 244 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے اعلان کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ دنیا 2009 کے بعد سے اب تک کے سب سے بدتر بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے رسپانس اینڈ ریکوری فنڈ قائم کیا ہے، جس سے بحران کی شکار حکومتوں کو تیزی سے مدد فراہم کرنے اور ان کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔
Load Next Story