سندھ حکومت کی 6 نئی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور 3 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری

سروسز ہسپتال کراچی میں کورونا وائرس یونٹ قائم کرنے کا حکم، فنڈ فوری طور پر جاری کردیے گئے

سروسز ہسپتال کراچی میں کورونا وائرس یونٹ قائم کرنے کا حکم، فنڈ فوری طور پر جاری کردیے گئے (فوٹو: فائل)

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تشخیصی استعداد میں اضافے کے لیے 6 نئی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور 3 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دے دی۔

انہوں نے یہ فیصلہ ہفتے کے روز کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی جانچ کے لیے کٹس کے دستیاب اسٹاک اور روزانہ جانچ کی موجودہ صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت ڈاکٹر زاہد عباسی ، سیکریٹری سرمایہ کاری نجم شاہ، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری، ڈاکٹر صبا جمال، ڈاؤ لیب کے ڈاکٹر سعید خان اور ایم بی دھاریجو نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے پاس تقریبا 7500 ٹیسٹنگ کٹس دستیاب ہیں اور اگلے 7 دن تک کے لیے یہ اسٹاک کافی ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ مزید تین لاکھ کٹس خریدیں تاکہ کافی تعداد میں اسٹاک دستیاب ہو۔


ماہرین نے بتایا کہ دو لاکھ ٹیسٹنگ کٹس برطانیہ کی کمپنی سے خریدی جاسکتی ہیں، ان کٹس کی تکنیکی کمیٹی نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس تجویز کی منظوری دی اور انڈس اسپتال کو ہدایت کی کہ وہ اگلے 15 دن کے اندر اس سامان کی فراہمی کے لیے کوشش کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی گنجائش 200 سے بڑھا کر 2020ء تک کردی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ استعداد دن میں کم از کم 5 ہزار تک ہونی چاہیے۔ماہرین نے انھیں بتایا کہ جب نئی پی سی آر مشینیں خریدیں جائیں گی تو صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تکنیکی کمیٹی کی سفارش پر ٹیسٹنگ سسٹم کے قیام کے لیے 6 پی سی آر مشینوں کی خریداری کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کینیڈا سے ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ ساتھ ریپڈ ٹیسٹنگ مشین کی خریداری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں مشین اور کٹس کی خریداری کا حکم دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

سروسز ہسپتال کراچی میں کورونا وائرس یونٹ کا قیام

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ سروسز ہسپتال کراچی میں ایک کورونا وائرس مریضوں کا یونٹ قائم کرے۔ انہوں نے وارڈز کی مرمت، ضروری ساز و سامان کی خریداری اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی پوسٹنگ کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے یونٹ کے قیام کے لیے فوری طور پر 13.4 ملین روپے جاری کرنے کا حکم دیا۔ سکریٹری خزانہ حسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کردیئے۔

Load Next Story