ثمینہ احمد اورمنظرصبہبائی کا نکاح

 ساتھی فنکاروں اورپرستاروں کی مبارکبادیں اورنیک تمناؤں کے پیغام

 ساتھی فنکاروں اورپرستاروں کی مبارکبادیں اورنیک تمناؤں کے پیغام

کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے اوراس نے پوری دنیا کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس وائرس نے دنیابھر میں بسنے والے افراد کی روزمرہ کی زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے، اور خوشیوں بھرے لمحات بھی ایک طرح سے چھین لئے ہیں۔ ہر طرف خوف کی فضا ہے۔ ہر کوئی گھر سے باہرنکلنے پر خوف کھاتا ہے اورجولوگ مجبوراً گھروں سے باہرنکلتے ہیں، ان کی خیریت سے واپسی کی دعائیں مانگی جاتی ہیں بلکہ فیملی کے لوگ فون کالز کرکے اکثررابطے میں رہتے ہیں ۔

واقعی ہی ایسے مناظر صرف ہالی ووڈ فلموں میں دیکھنے کوملتے تھے، جہاں تصوراتی انداز میں ایسے کہانیاں تخلیق کی جاتی ہیں، جن کودیکھ کراچھا تولگتا ہے لیکن ایسی باتیں ماننے کوکبھی دل ودماغ ساتھ نہیں دیتے تھے مگر اب توحقیقت میں یہ سب کچھ ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔دنیابھر میںکس طرح سے اموات ہورہی ہیں اوریورپی ممالک میں تواب تدفین کیلئے جگہ کم پڑنے لگی ہے۔ ایسے میں ہرآنکھ نم اور چہرے افسردہ ہیں۔مگران حالات میں ایک خبرنے کم ازکم پاکستانیوں اورجہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے، وہاں بسنے والوںکے چہروں پرمسکراہٹ بکھیر دی ہے۔

یہ خبرہے گزشتہ ہفتے انجام پانے والی دوورسٹائل سینئرفنکاروں ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کے نکاح کی ۔کورونا وائرس کے پیش نظر جہاں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے پرزوردیا جارہا ہے اور احتیاطی تدابیر کو اپنائے بغیر محفوظ رہنا ممکن نہیں ہے، وہیں ان دونوں فنکاروں نے شادی کے بندھن میں بندھ کراپنے چاہنے والوں کے چہروں پرخوشیاں بکھیر دی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ جہاں ان کی لوگوںمیں پسندیدگی ہے، وہیں ان کی 70برس کی عمر میں شادی کرنا بھی ہے۔ کیونکہ اکثراوقات اس عمر میں شادیوں کا سلسلہ مغربی ممالک اورخصوصاً امریکہ میں ہوتا ہے ۔ جہاں کے فنکاراورعام لوگ بھی شادی کیلئے کبھی عمروں کی قیدمیںنہیں بندھے رہتے۔اسی لئے تووہاں پرجہاں شادیوںکی شرح نوجوانوںکی ہے ،وہیں بڑی تعدادمیں لوگ بڑی عمروں میں پہنچ کرشادی کرتے ہیں۔

اب ہم بات کریں اگرمنظرصہبائی اورثمینہ احمد کی توانہوں نے 4 اپریل کو شادی کرلی۔ جس کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد دونوں کو مبارکباداورنیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ نکاح کی رسم انتہائی سادگی سے انجام پائی جس میں ان کے قریبی دوست احباب نے شرکت کی۔شوبز کی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا کے ذریعے دونوں کو زندگی کے نئے سفر کی شروعات پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغام دینا شروع کردیئے ہیں۔ جونہی یہ خبر شوبز کی دنیا میں پھیلی توپھراس کوسوشل میڈیانے دنیا کے کونے کونے تک پہنچا دیا۔


کیونکہ دونوں فنکاروں نے ویسے توشوبز کے مختلف میڈیمز میں بہت سا کام کیا ہے لیکن ان کی اصل پہچان تو ٹی وی ڈرامہ ہی ہے اورپاکستانی ڈرامے کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ پاکستان اوردیارغیرمیں بسنے والے توپاکستانی ڈرامہ دیکھتے ہی ہیں لیکن اس کیساتھ ساتھ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی پاکستانی ڈرامے بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔پھرمنظرصہبائی اورثمینہ احمد کا فنی سفر اتنا طویل اورشاندارہے کہ دونوں نے اپنے کیرئیرمیں ان گنت یادگار کردار نبھائے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی نکاح کی خبر پر لوگوں کو حیرانی نہیں بلکہ خوشی ہوئی، جوکہ ایک طرح سے بہت ہی اچھی بات ہے۔ کیونکہ ایک طرف کورونا وائرس نے لوگوںکو پریشان کررکھا ہے اوردوسری جانب ہمارے ملک کے سیاسی حالات بھی مستحکم نہیں ہیں۔سابقہ حکمرانوں پرتوکرپشن کے ان گنت مقدمے چل رہے ہیں لیکن موجودہ حکمران جماعت کے اہم رہنما بھی اس سلسلہ میں منظرعام پرآرہے ہیں۔ایسے میں 70سالہ جوڑے کے نکاح نے سب کوخوش کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ثمینہ احمد کی یہ دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی سٹوڈیو آنر اور پروڈیوسر ڈبلیو زیڈ احمد کے بیٹے فرید احمد سے ہوئی تھی جبکہ فرید احمد کی وفات کے بعد ثمینہ احمد نے دوسری شادی نہیں کی تھی اوراپنے بیٹے زین کی پرورش پر توجہ مرکوز رکھی۔ ثمینہ احمدکابیٹا زین احمد جس نے تھیٹر، اداکاری اور ڈائریکشن کے شعبے میں کافی کام کیا اوروہ ان دنوں''ناپا'' سے وابستہ ہیں۔دوسری جانب منظر صہبائی کافی عرصہ سے جرمنی میں آباد ہیں اور اکثر پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل پراجیکٹس میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے رہتے ہیں۔

منظر صہبائی کی پہلی بیوی 2006ء میں سکن کینسر کی وجہ سے وفات پاچکی ہیں۔انہوں نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ نکاح کے بعد ہمیں جس طرح سے لوگوںکی جانب سے پیارمل رہا ہے، اس کولفظوں میںبیان نہیں کرسکتا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ شادی کا بندھن بہت اہم ہوتا ہے۔دوسری جانب ثمینہ احمد نے کہا کہ سوچا نہیں تھا لیکن جوقسمت کو منظور ہو وہ ہو کر رہتا ہے۔ ہمارے شعبے کے تمام افرادنے ہمیں بہت مبارکباد دی ہے اور دوسری جانب دنیا بھر میں بسنے والے پرستاروں کی جانب سے نیک تمناؤں کے پیغامات میرے لئے کسی قیمتی تحفے سے کم نہیں ہیں۔

منظرصہبائی اورثمینہ احمد کی شادی کے حوالے سے شوبز انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوںکا کہنا ہے کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔دونوں ہی بہت باصلاحیت اورمنجھے ہوئے فنکارہیں، جن کا کامان کی پہچان ہے۔ انہوں نے بہت سوچ سمجھ کرہی یہ فیصلہ کیاہوگا، کیونکہ ثمینہ احمد اور منظرصہبائی نے جس طرح سے اپنے فن کی بدولت لوگوںکو اپنا گرویدہ بنایا ہے، ان کے چاہنے والے بھی ان کی نئی زندگی کے سفر کی کامیابی کیلئے دعا ئیں کر رہے ہیں۔

ویسے بھی ملکی حالات اورکورونا وائرس کی خبریں سن سن کرہم لوگ بھی ڈپریشن کا شکارہوچکے ہیں۔ ایسے میں ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کے نکاح کی خبرنے ہمارے اداس اور مایوس چہروں پر مسکراہٹ لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ویسے تودنیابھرمیں کوروناوائرس نے موت کا خوف پھیلا رکھا ہے لیکن ان دونوں کی نکاح کے بعد منظرعام پرآنے والی تصویرنے جو سبق ملتا ہے وہ ہمارے نزدیک توبس اتنا سا ہی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، اللہ کا شکرادا کریں اورخوشیاں بانٹیں۔
Load Next Story