پاکستان کیلیے اعزاز پروفیسر اقبال چوہدری کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل مقرر

عطا الرحمن کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں، کامسٹیک 1981میں مکہ میں قائم ہوئی، مقصد مسلم ممالک میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے

عطا الرحمن کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں، کامسٹیک 1981میں مکہ میں قائم ہوئی، مقصد مسلم ممالک میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے (فوٹو : فائل)

سائنس کی دنیا میں پاکستان کو ایک اور اعزاز مل گیا، جامعہ کراچی آئی سی سی بی ایس پروفیسر اقبال چوہدری کو مسلمان ممالک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو فروغ دینے والی تنظیم کامسٹیک کا کوآرڈی نیٹر جنرل مقرر کردیا گیا۔

انہیں یہ عہدہ صدر پاکستان اور چیئرمین کامسٹیک (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن اسٹینڈنگ کمیٹی آن سائینٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل کوآپریشن) ڈاکٹر عارف علوی نے دیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یہ فیصلہ چیئرمین کامسٹیک کی حیثیت سے کیا ہے۔


آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری بین الاقوامی مرکز سے دوسرے سائنس دان ہیں جو اس اعلیٰ منصب پر فائز ہوئے ہیں قبل ازیں ڈاکٹر عطا الرحمن بھی ماضی میں کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کامسٹیک جنوری 1981ء میں مکہ شہر میں قائم ہوئی تھی جس کا مقصد مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بایو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1355 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں۔
Load Next Story