ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 8348 ہوگئی 168 جاں بحق

کورونا کے 355 نئے کیس رپورٹ، مزید 9 افراد جاں بحق

کورونا کے 355 نئے کیس رپورٹ، مزید 9 افراد جاں بحق . فوٹو : فائل

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8348 تک پہنچ گئی جب کہ 168 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 355 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8348 ہوگئی۔

طبی عملے نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7847 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر 98 ہزار 522 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جب کہ 1868 افراد اس موذی مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ مریض

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3822 مریض ہیں۔ سندھ میں 2537، خیبر پختونخوا 1137، بلوچستان 376، اسلام آباد میں 171جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا سب سے خطرناک

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا شکار 168 افراد دم توڑ گئے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 60 اموات ہوئیں، سندھ میں 56، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 5 ، گلگت بلتستان میں 3 جب کہ اسلام آباد میں کورونا کے 2 مریض جاں بحق ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سندھ حکومت نے دکانیں اور بازار کھولنے کیلیے پلان ترتیب دیدیا

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:


کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

'' قوم کی نظریں علماء کرام پر ہیں ''

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ نہایت خوش آئند ہے اور قوم کی آواز ہے، اب مسجد کے منبر پر بیٹھے ہمارے امام اور خطیب کا امتحان بھی ہے، قوم کی نظریں علما پر ہیں، مسجد میں صفوں میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہے، 60 سال سے زائدعمر کےافراد تراویح گھر میں پڑھیں، احتیاط سے ہی اس وبا سے نجات مل سکتی ہے، رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، ہر مسلمان کا محور و مرکز مسجد کا منبر و محراب ہے، لہذا مسجد کے اندر بیٹھے امام اور خطیب کورونا کی وبا کے خلاف جنگ میں ہمارا ہر اول دستہ ہیں۔

'' دکانیں اور بازار کھولنے کا پلان''

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے پلان مرتب کیا ہے جس میں کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، بنیادی طور پر کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا، ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتہ میں دو روز کے لیے کھولا جائے گا۔

پلان کے مطابق پہلے درجے میں چار، دوسرے میں چار اور تیسرے درجہ میں پانچ شعبہ شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولے جائیں گے، کریانہ، مرغی و گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں دو روز بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے صرف دودھ، سبزی پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔

''ٹائیگر فورس کو کورونا ریلیف سرگرمیوں میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ''

صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کورونا ریلیف کی تمام سرگرمیوں کوغیرسیاسی رکھا ہے، اور ٹائیگرفورس سیاسی کارکنوں پرمشتمل ہے لہذا ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کوریلیف آپریشن میں شامل نہیں کرسکتے، سندھ میں ٹائیگرفورس کی سرگرمیاں ہمیں کہیں نظرنہیں آرہیں جب کہ ٹائیگر فورس رضاکاروں کوراشن کی تقسیم میں بھی شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Load Next Story