پاکستان کی زیر صدارت سارک وڈیو کانفرنس کورونا کا ملکر مقابلہ کرنے پر اتفاق

وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی تعاون نہایت اہم ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا

وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی تعاون نہایت اہم ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا . فوٹو : پی آئی ڈی

پاکستان کی زیر صدارت سارک وڈیو کانفرنس میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کرنے اورصحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

پاکستان کی میزبانی میں کورونا وباء سے متعلق سارک ممالک کی ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرظفر مرزا نے صدارت کی۔ کانفرنس میں تمام سارک ممالک کے وزرا صحت اور حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹرظفر مرزا نے پاکستان کے اقدام کی ستائش کی اوراپنے اپنے تجربات کے متعلق بتایا، ظفر مرزا نے حکومتی اقدامات پرروشنی ڈالی،سارک کوششوں اور نیشنل ایکشن پلان سے آگاہ کیا پاکستان اسمارٹ لاک ڈان کی حکمت عملی پرکام کررہاہے تاکہ بیماری سے بچاؤکے ساتھ معیشت کے منفی اثرات سے بچا جا سکے، یہ عالمی وباہے،جس کے اثرات طویل عرصہ رہیں گے۔

انہوں نے سارک منشور کے تحت مشترکہ حکمت عملی بنانے کیلئے صحت کی تکنیکی کمیٹی فعال اور علاقائی تعاون بڑھانے پر زوردیاتاکہ بیماری کا مقابلہ کیاجاسکے۔ سارک سیکرٹری جنرل نے کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق دفترخارجہ کے بیان میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں سری لنکا، نیپال، افغانستان، بھوٹان، بنگلہ دیش،مالدیپ اوربھارتی وزرا اورحکام شریک ہوئے۔


اس دوران اعدادوشمار، طبی عملے کی تربیت، ادویات ،سامان کی فراہمی جبکہ ڈبلیوایچ او سمیت عالمی تنظیموں سے تحقیقی رابطہ کاری اورتعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

ظفرمرزا نے کہا گنجان آبادی اور کمزورنظام صحت کے پیش نظر جنوبی ایشیاکوزیادہ خطرہ لاحق ہے، وبا سے جڑی بے یقینی نے آرام سے بیٹھنے کی گنجائش نہیں چھوڑی تاہمیہ علاقائی نظام صحت مضبوط کرنے کابھی موقع ہے۔

کانفرنس کے دوران میڈیکل یونیورسٹیوں اورتحقیقی اداروں کے درمیان رابطو ں کی تجاویزبھی زیرغورآئیں۔ بیان میں مزید کہاگیا کہ کووڈ 19وبا کی صورتحال میں ویڈیوکانفرنس کاا نعقاد سارک عمل سے وابستہ پاکستان کے عزم اوررکن ممالک کے درمیان قریبی تعاون کیلئے کوششوں کااعادہ ہے۔

پاکستان نے ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن فور ریجینل کارپوریشن (سارک) کی تکنیکی کمیٹی برائے صحت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث سارک طویل عرصے سے غیرفعال رہی ہے تاہم کورونا نے رکن ممالک کوعلاقائی گروہ بندی کی بحالی پرمجبورکردیا ہے۔
Load Next Story