سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 بچے کورونا کا شکار

لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا، ترجمان سندھ حکومت

خدارا لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرکے اپنی نسلوں کو محفوظ کریں، مرتضی وہاب فوٹو: فائل

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متعلق لوگوں کی متضاد اور مختلف آراء ہیں، کوئی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کرتا ہے تو کوئی لاک ڈاؤن کو ہی غلط قراردیتا ہے۔


مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں، یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ یہ بچے اور بزرگ لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں سے نہیں نکلے ہوں گے، انہیں کورونا کا کسی اور نے نہیں بلکہ ان افراد نے شکار کیا جو گھروں سے باہر نکلے۔ اسی لئے حکومت بار بار گھروں پر رہنے اور آئیسولیشن کی تلقین کررہی ہے، لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معصوم بچوں، بزرگوں اور پورے معاشرے کو اس مرض سے بچانا ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم لاک ڈاؤن پر سنجیدگی سے خود بھی اور دوسروں کو بھی عمل کروائیں، خدارا لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرکے اپنی نسلوں کو محفوظ کریں، آئیے اپنے گھروں پر قیام سے خود اور اپنی فیملی کو اس مرض سے محفوظ رکھیں۔
Load Next Story