ٹریفک حادثات و واقعات میں4 افرادجاں بحق

7 افراد زخمی ہوگئے ،نیٹی جیٹی پل کے نیچے سے 40سالہ شخص کی لاش ملی

دو دریا کے قریب تیز رفتار ہائی روف الٹ گئی، 2خواتین سمیت5افراد زخمی فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و واقعات میں4 افراد ہلاک اور7 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے کی حدود پاور ہاؤس شفیق موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار25 سالہ اسد رضا ولد غلام حسین زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے گلستان جوہر بلاک 14 میں واقعے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، متوفی گلستان جو ہر بلاک 18مکان نمبر A-89کا رہائشی تھا پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے سپرد کردی، پورٹ قاسم کے قریب تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 42 سالہ مجید ولد میر زمان ہلاک ہو گیا متوفی کی لاش نجی اسپتال لے جائی گئی ، متوفی بن قاسم ٹاؤن کا رہائشی تھا ۔




ڈاکس کے علاقے کیماڑی نیٹی جیٹی پل کے نیچے سے 40سالہ شخص کی ڈوبی ہو ئی لاش ملی ، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق لاش 2 روز پرانی اور سمندر میں ڈوبی ہوئی ہے، متوفی کی شناکت نہیں ہوسکی، سرسید ٹاؤن کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 8کے رہائشی48سالہ نوشاد ولد ظاہر کی گھر سے پھندا لگی لاش ملی ، متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی ۔

پولیس کے مطابق متوفی کے ورثا لاش پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے ، درخشاں کے علاقے کلفٹن سی ویو دو دریا کے قریب تیز رفتار ہائی روف موڑ کاٹتے ہو ئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں2خواتین سمیت5افراد زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا ، گلستان جوہر بلاک 1میں تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے موجود گہرے گڑھے میں گر گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 2خواتین زخمی ہو گئیں، پولیس نے بتایا کہ دونوں زخمی خواتین ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جاچکی ہیں۔
Load Next Story