عالمی ادارہ صحت کے سربراہ پاکستانی بچے کی ویڈیو کو سراہنے والوں میں شامل  

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے بھی یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے محمد رضا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ فوٹو، انٹرنیٹ

عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ بھی برف پوش پہاڑوں میں روایتی رقص کی ویڈیو سے معروف ہونے والے پاکستانی بچے کے پرستاروں میں شامل ہوگئے۔

30 اپریل کو یونیسف نے عالمی یوم رقص پر محمد رضا نامی بچے کی یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی جاری کی تھی۔ عالمی ادارے نے تصدیق کی تھی کہ اس نے یہ ویڈیو رضا کی خالہ سے حاصل کی ہے۔ بچہ گلگت بلتستان کے علاقے پاسو سے تعلق رکھتا ہے۔ بچہ ویڈیو میں اپنے علاقے کا روایتی رقص کررہا ہے اور اس کے عقب میں برف پوش پہاڑ دکھائی دے رہے ہیں۔




یونیسف کی جانب سے ویڈیو ٹوئٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا کے صارفین کی بڑی تعداد نے محمد رضا کے رقص اور دل پذیر مسکراہٹ کو سراہا اور ویڈیو کو کورونا وائرس کے بحران کے دوران چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سبب قرار دیا۔ محمد رضا کی ویڈیو کو سراہنے والوں میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈورس ایڈہینم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بچے کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے رضا کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Load Next Story