وسیم اکرم نے کیریئر تباہ کردیا عطا الرحمان کا الزام

فکسنگ کیس میں سابق کپتان کے ہی کہنے پر اپنا بیان بدلا،سابق پیسر

راشد لطیف اور عامر نے مجھے کہا لیکن خود بیان حلفی پر دستخط نہ کیے۔ فوٹو:فائل

وسیم اکرم کے کہنے پر بیان بدلا، عطا الرحمان نے 20 سال بعد فکسنگ اسکینڈل پر لب کھول دیے۔

سابق فاسٹ بولر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے درست بات کہی، میں نے فکسنگ سے متعلق اپنا بیان وسیم اکرم کے کہنے پر تبدیل کیا تھا، سابق کپتان نے میرا کیریئر تباہ کردیا، وہ جب تک قوم کو سچ نہیں بتائیں گے، میں چپ نہیں بیٹھوں گا۔


ایک ویڈیو پیغام میں عطاء الرحمان نے کہا کہ وسیم اکرم سے پوچھیں کہ انھوں نے مجھ سے کیا کہا تھا، راشد لطیف اور عامر سہیل نے مجھ سے کہاکہ ہم بھی بیان حلفی پر دستخط کر رہے ہیں، بعد ازاں میرا بیان حلفی غیر ملکی اخبارات کو اشاعت کیلیے دیدیا، مجھے یہ بتایا جائے کہ بعد میں راشد لطیف کی قیادت میں ہی وسیم اکرم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ایکشن میں کیسے نظر آئے، یہ جو پارسا بنتے اور خود کو فکسنگ کے خلاف مہم کا سربراہ سمجھتے ہیں انھیں ملک نہیں اپنے مفاد سے غرض ہے، پی ایس ایل کو جوا لیگ کہنے والے بعد ازاں اس سے وابستہ کیوں ہوئے۔

یاد رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے کہا تھا کہ جسٹس قیوم کمیشن کی انکوائری میں عطاء الرحمان نے وسیم اکرم کے خلاف گواہی کے لیے بیان حلفی تیار کرلیا تھا لیکن بعد میں پیچھے ہٹ گئے، مجھے یقین ہے کہ سابق کپتان نے ان کو ایسا کرنے کاکہا ہوگا، اگر عطاء الرحمان بات پر قائم رہتے تو وسیم اکرم کو بھی سلیم ملک جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا۔

 
Load Next Story