برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اٹلی سے بڑھ گئیں

جانی نقصان کے اعتبار سے امریکا کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے

اموات کی بلند ترین شرح پر حزب مخالف نے حکومتی اقدامات پر سوال اٹھانا شروع کردیے ہیں۔ فوٹو، رائٹرز۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں اٹلی سے بڑھ گئیں اور یورپ میں وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کو برطانیہ کے قومی ادارۂ شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار میں برطانیہ اور ویلز میں کورونا وائرس سے 7ہزار اموات کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد ملک میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار 313 ہوگئی ہے۔ ان اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ کورونا وبا سے ہونے والے جانی نقصان کے اعتبار سے امریکا کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔


حالیہ اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں حزب مخالف کے سیاست دانوں نے کہا ہے کہ اموات کی تعداد سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ وبا سے مقابلے کے لیے حکومتی اقدامات سست رفتاری کا شکار رہے، بالخصوص طبی عملے کو حفاظتی سامان کی فراہمی اور بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کرنے میں حکومت نے سستی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد36 لاکھ سے تجاوز کرگئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی شرح اموات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وبا کے ملک پر انتہائی شدید اثرات مرتب ہوں گے۔ دوسری جانب لیبر پارٹی کے نمائند لیز کینڈل نے کہا ہے کہ موجودہ شرح اموات کے بعد برطانیہ میں وبا کا عروج گزر جانے کی باتیں غلط ثابت ہوگئی ہیں۔
Load Next Story