ٹام کروز خلا میں فلم کی شوٹنگ کریں گے

پراجیکٹ کی منظوری کے بعد ٹام کروز پہلے اداکار بن جائیں گے جو خلا میں فلم کی شوٹنگ کے لیے سفر کریں گے

خلائی اسٹیشن سے متعلق کئی دستاویزی فلمیں پہلے بھی بنائی جاچکی ہیں فوٹوفائل

ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز خلا میں فلم کی شوٹنگ کرکے تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔

ہالی ووڈ کا شمار دنیا کی بڑی اورجدید فلم انڈسٹریوں میں ہوتا ہے اور یہاں کی فلمیں مہنگے بجٹ، جدید ٹیکنالوجی، بہترین اینی میشن اورگرافکس کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں اور اب ہالی ووڈ زمین کے بجائے خلا میں فلم کی شوٹنگ کرکے ایک اور سنگ میل عبور کرنے جارہاہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے مقبولیت میں ٹام کروز کو پیچھے چھوڑدیا

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز اپنی فلم کی شوٹنگ کے لیے امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں فلم کی عکس بندی کے لیے بیرونی خلا میں جاسکیں۔ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو ٹام کروز پہلے اداکار بن جائیں گے جو خلا میں فلم کی شوٹنگ کے لیے سفر کریں گے۔




اس خبر کی تصدیق ناسا کے اینڈمنسٹریٹر جم بریڈینسٹن نے ٹوئٹر پر کی۔ انہوں نے لکھا ناسا ٹام کروز کے ساتھ خلائی اسٹیشن پر کام کرنے کے لیے پرجوش ہے۔ ہمیں ناسا کے منصوبوں کو حقیقت بنانے اور نئی نسل کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مقبول میڈیا کی ضرورت ہے۔



جم کی اس ٹوئٹ سے لگ رہا ہے کہ ناسا بھی ہالی ووڈ کے ساتھ اشتراک کرکے بہت کچھ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ انٹرنیشنل اسپیس سینٹر میں اس سے قبل کبھی کیمرہ نہیں گیا۔ خلائی اسٹیشن سے متعلق کئی ڈاکومینٹریاں (دستاویزی فلمیں) پہلے بھی بنائی جا چکی ہیں جن میں سے ایک ڈاکیومینٹری میں خود ٹام کروز نے اپنی آواز دی ہے۔

جب سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ٹام کروز اپنی فلم کی شوٹنگ کے لیے خلا کا سفر کریں گے ان کے مداحوں سمیت بہت سے لوگ اس فلم کو لے کر پرجوش ہیں۔ واضح رہے کہ اس پراجیکٹ سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
Load Next Story