فضائلِ ماہِ صیام

روزہ گناہوں سے پاک ہونے کا بہترین موقع ہے

اﷲ ہماری مدد و نصرت فرمائے۔ آمین: فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
رسول کریمؐ نے فرمایا: ''سنو! سنو تمہارے پاس رمضان کا مہینہ چلا آتا ہے۔ یہ مہینہ مبارک مہینہ ہے جس کے روزے اﷲ تعالیٰ نے تم پر فرض کیے ہیں، اس میں جنّت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے۔ اور اس میں ایک رات ایسی مبارک ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے جو اس کی برکات سے محروم رہا تو سمجھو کہ وہ نامراد رہا۔'' (نسائی)

رمضان المبارک کو تمام مہینوں کا سردار بھی کہا گیا ہے۔ یہ مہینہ بے شمار برکات کا مہینہ ہے۔ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں: ''رمضان میں تو آپؐ کمر ہمت کَس لیتے تھے اور پوری کوشش اور محنت فرماتے تھے۔''

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ؐ نے فرمایا: '' تمہارا رب فرماتا ہے کہ ہر نیکی کا ثواب دس گنا سے لے کر سات سو گنا تک ہے اور روزے کی عبادت تو خاص طور پر میرے لیے ہے اور میں خود اس کی جزا دوں گا یا میں خود اس کا بدلہ ہوں۔''

حضرت ابوسعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتؐ نے فرمایا: ''جب کوئی رمضان کے پہلے دن روزہ رکھتا ہے تو اس کے پہلے سب گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔ اسی طرح ہر روز ماہ رمضان میں ہوتا ہے اور ہر روز اس کے لیے ستّر ہزار فرشتے اس کی بخشش کی دعائیں صبح کی نماز سے لے کر ان کے پردوں میں چھپنے تک کرتے ہیں۔''

ایک موقع پر آپ ؐ نے فرمایا: '' فرشتے روز ہ دار کے لیے دن رات استغفار کرتے ہیں۔'' روزہ گناہوں سے پاک ہونے کا بہترین موقع ہے۔ آنحضرت ؐ نے فرمایا: ''جو شخص رمضان کے مہینے میں حالت ایمان میں ثواب اور اخلاص سے عبادت کرتا ہے وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتاہے جیسے اس روز تھا جب اس کی ماں نے اسے جنا۔''


ایک موقع پر آپؐ نے فرمایا: '' یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کی جزا جنّت ہے۔''

''رمضان المبارک کی پہلی رات کو اﷲ تعالیٰ اپنی جنّت کو حکم دیتا ہے کہ میرے بندے کے لیے تیار ہوجا اور خوب بن سنور جا۔ ممکن ہے جو دنیا سے تھک گیا ہو، وہ میرے گھر اور میرے پاس آنا چاہے۔'' حضرت ابوامامہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اکرم ؐ سے عرض کیا یارسول اﷲ ﷺ! مجھے کوئی ایسا عمل بتائیے جس کے ذریعہ میں جنّت میں داخل ہوجاؤں۔ تو آپ ؐ نے فرمایا: ''روزے کو لازم پکڑ لو کیوں کہ یہ وہ عمل ہے جس کا کوئی مثل اور بدل نہیں۔''

جو بندہ خدا کی راہ میں ایک دن روزہ رکھتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کے چہرے سے آگ کو دور کردیتا ہے اور روزہ آگ سے بچانے کے لیے ایک ڈھال ہے۔ حضرت عبدالرحمٰن ؓبن عوف بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ؐ نے رمضان المبارک کو عبادت کے لحاظ سے تما م مہینوں سے افضل قرار دیا اور فرمایا: جو شخص رمضان کے مہینے میں حالت ایمان میں اور اپنا محاسبہ کرتے ہوئے رات کو اٹھ کر عبادت کرتا ہے وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتا ہے جیسے اس روز تھا جب اس کی ماں نے اسے جنا۔

حضرت سلمان فارسیؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتؐ نے ''رمضان المبارک'' کے ذکر میں فرمایا: یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔

ہمیں اﷲ نے رمضان کی سعادت عطا فرمائی ہے۔ ہمیں اس بابرکت موقعے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنے پالن ہار کو راضی کرنا چاہیے۔ ہمیں یہ بھی عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی ساری زندگی کو اسلام کے اصولوں پر نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے پر بسر کریں گے۔ اﷲ ہماری مدد و نصرت فرمائے۔ آمین
Load Next Story