کراچی حصص مارکیٹ مندی کا شکار 143 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس 24445 پر بند، 188 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی، 34 ارب 71 کروڑ روپے کا نقصان

انڈیکس 24445 پر بند، 188 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی، 34 ارب 71 کروڑ روپے کا نقصان۔ فوٹو : پی پی آئی / فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوامن و امان کی خراب صورتحال، غیر ملکی سرمائے کے انخلا اور منافع کے حصول میں شدت کے باعث اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب آگئے جس سے انڈیکس کی24500 کی حد گرگئی اور سرمایہ کاروں کے34 ارب 71 کروڑ 42 لاکھ 94 ہزار177 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں ٹیکسٹائل پٹرولیم گیس ودیگر شعبوں میں ہونے والی وسیع پیمانے پر خریداری سرگرمیوں کی وجہ سے ایک موقع پر 161.62 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 24750 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن مختصرالمدت سرمایہ کاری کرنے والوں نے موقع کو غنیمت جانتے ہوئے حصص کی آف لوڈنگ کرکے فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب رکھا جس سے مذکورہ تیزی برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ مندی کی جانب گامزن ہوگئی۔




کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 143.09 پوائنٹس کی کمی سے 24445.38 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 102.31 پوائنٹس کی کمی سے18383.98 اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 83.10 پوائنٹس کی کمی سے41005.07 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 8 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ 1 لاکھ 9 ہزار 210 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 363 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں147 کے بھاؤ میں اضافہ، 188 کے داموں میں کمی اور 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story