افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ 3 اہلکار ہلاک

حملے میں اقوام متحدہ کے 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے

تاحال کسی شدت پسند گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، فوٹو : فائل

مالی میں نامعلوم مسلح افراد کے اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی کے علاقے کیڈال میں امن کی بحالی پر مامور اقوام متحدہ کے 'پیس میکرز' کی گاڑی پر شدت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 امن نمائندے ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔


ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، تاحال کسی انتہا پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی گئی ہے اور مالی میں امن کی بحالی کے لیے کاوشوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مالی کا شمار دنیا کے غریب ترین مالک میں ہوتا ہے جہاں کئی علیحدگی پسند اور متشدد گروہ عسکری کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم اقوام متحدہ کی تنصیبات پر شدت پسند گروپ القاعدہ المغرب ملوث رہی ہے۔
Load Next Story