عالمی رہنماؤں کا آئی ایم ایف اور عالمی بینک سے غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ

صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنما غریب ممالک کے قرضوں کی معافی کے لیے اثر و رسوخ استعمال کریں

دنیا بھر کے 300 اراکین اسمبلی نے دونوں اداروں سے 15 دن میں جواب مانگا ہے، فوٹو : فائل

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد اراکین اسمبلی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک سے غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دنیا بھر کے 300 سے زائد ارکان اسمبلی نے آئی ایم ایف، عالمی بینک کے سربراہان سمیت صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں کو خطوط بھیجے ہیں جس میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے عالمی معیشت کے تناظر میں غریب ممالک کے قرضوں کو معاف کرنے پر زور دیا گیا ہے۔


اپنے اپنے ملک میں قانون سازی کی اہم ذمہ داری نبھانے والے عوامی نمائندوں نے عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک سے غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے اور مالی اعانت کا مطالبہ کیا ہے جب کہ صدر ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے قرضے معاف کرانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

قانون سازوں نے اپنے خط کا جواب دینے کے لیے دونوں عالمی اداروں کو 15 دن کا وقت دیا ہے تاہم اس حوالے سے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن چند روز قبل آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا نے ادارے کی 2020 کے آؤٹ پٹ کے لیے مقرر کیے گئے ہدف کو کم کرنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے عالمی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور بالخصوص غریب ممالک کم وسائل اور صحت کے ناقص نظام کے باعث بڑی تباہی کا سامنا ہے۔
Load Next Story