کراچی کے تاجروں نے 10 لاکھ جرمانے کی سزا کو بلیک میلنگ قرار دے دیا

کاروباری اوقات میں اضافہ کرنا ہی رش کم کرنے کا واحد حل ہے، تاجروں کی پریس کانفرنس

کراچی میں زینب مارکیٹ سیل کیے جانے کی فائل فوٹو (فوٹو: نیوز ایجنسی)

شہر قائد کے تاجروں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ جرمانے کی سزا کو مسترد کرتے ہوئے اسے بلیک میلنگ قرار دے دیا۔

آل پاکستان آگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد نے دیگر عہدے داروں کے ہمراہ ہفتے کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہا کہ چھوٹے تاجروں نے ایس او پیز کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے اسٹاف کو اس کا پابند کیا ہے مگر عید کی خریداری اور وقت کی کمی کی وجہ سے مارکیٹوں میں آنے والے لاکھوں لوگوں کا رش ہے جس کے لیے انتظامیہ کو تاجروں سے تعاون کرنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کی بات پر مارکیٹوں کو سیل کرکے بھاری جرمانہ عائد کرنا بلیک میلنگ ہے اسے ختم کیا جائے، تاجروں کو کاروبار کا موقع فراہم کیا جائے، عیدالفطر میں چند روز باقی رہ گئے ہیں لہذا کاروباری اوقات کار میں اضافہ کیا جائے اور ہفتے میں تین روز کا ناغہ ختم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتوار سے چاند رات تک بازاروں کو مسلسل کھولنے کی اجازت دی جائے، کراچی کی ڈھائی کروڑ کی آبادی کو حکومت سندھ نے عید کے تہوار کی خریداری کے لیے بہت کم وقت دیا ہے اسی لیے بازاروں میں رش ہے اور ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا جس کا واحد راستہ کاروبار کھلنے کے وقت میں اضافہ کرنا ہے۔
Load Next Story