کراچی سینٹرل جیل کے مزید 150 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص

جیل عملے کے 12 افراد بھی وبا کی لپیٹ میں آگئے جب کہ متاثرہ قیدیوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی

اب تک 700 سے زائد قیدیوں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ فوٹو، فائل

KARACHI:
کراچی کی سینٹرل جیل میں مزید 150 سے زائد قیدی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد مجموعی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ہےاور وائرس کا شکار ہونے والوں میں 12 جیل کے افسران و اہلکار بھی شامل ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے جس میں 150 سے زائد قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ۔ گزشتہ ہفتے ایک قیدی میں علامات ظاہر ہونے کے بعد ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔ مذکورہ قیدی کے بیرک کے تمام قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور ٹیسٹنگ کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے اسے دوسری بیرکوں تک بھی پھیلایا گیا۔ گزشتہ روز 150 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ۔


یہ بھی پڑھیے: سینٹرل جیل کراچی، 40 قیدی اور عملے کے 3 ارکان کورونا کا شکار

ذرائع نے بتایا کہ اب تک جیل عملے کے 12 افراد بھی اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ (اے ایس پی) بھی شامل ہے ۔ سینٹرل جیل میں قیدیوں کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 700 سے زائد قیدیوں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں ۔ جن قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں انھیں جیل کے اسپتال اور جیل میں بنائے گئے قرنطینہ مراکز میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے ۔

اس سے قبل جیل حکام نے کورونا وبا کے آغاز ہی میں قیدیوں کی ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ انھیں ماسک بھی فراہم کیے گئے تھے ۔ جیل کے اندر اضافی واش بیسن نصب کیے گئے اور ہر قیدی کو صابن اور سینیٹائزر فراہم کیے گئے جبکہ جیل کے اندر سینیٹائزر گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں۔

Load Next Story