سندھ حکومت کی جمعتہ الوداع اور نماز عید کے اجتماعات کی اجازت

نماز عید میں لوگوں کی تعداد بڑھنے پر ایک ہی جگہ زائد بار نماز ادا کی جاسکے گی، صوبائی وزرا

نماز عید میں لوگوں کی تعداد بڑھنے پر ایک ہی جگہ زائد بار نماز ادا کی جاسکے گی، صوبائی وزرا (فوٹو : فائل)

سندھ حکومت نے جمعتہ الوداع اور عید کے اجتماعات کی اجازت دے دی اور کہا ہے کہ عید کی نماز کے لیے شہریوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوگی تو وہاں مختلف اوقات میں نماز پڑھی جاسکے گی۔

صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور مشیر مرتضی وہاب نے سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اجتماعات اور ختم القرآن سمیت شب قدر میں عبادات ہوں گی تاہم ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا اس ضمن میں تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام سے بات کریں گے۔

نمازی زیادہ ہوئے تو ایک ہی جگہ کئی بار نماز عید ہوگی، سعید غںی

سعید غنی نے کہا کہ بڑے پیمانے پر مجمع لگانے کی اجازت مل گئی ہے اب درست نہیں ہوگا کہ عید اور مساجد میں نماز پر پابندی لگائی جائے اس لیے 20 نکاتی ایس او پیز کے تحت عید کی نماز ہو گی، نماز عید کے لیے کھلے میدان پارکس کی نشاندہی کی جائے گی، اگر نمازیوں کی تعداد زیادہ ہوگی تو ایک ہی جگہ زائد مرتبہ عید کی نماز ہوگی۔

ہمیں ٹائیگر فورس کے نام پر اعتراض ہے، وزرا

صوبائی وزرا نے کہا کہ ہمیں ٹائیگر فورس کے نام پر اعتراض ہے، چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ٹائیگر فورس کے لیے خط لکھ دیا تھا، ٹائیگر فورس کو کرنا کچھ نہیں یہ لوگ صرف باتیں بناتے ہیں، ہم خیر و بھلائی کا کام کرنے والی فورس کا خیر مقدم کریں گے۔


بلاول کی ہدایت پر سندھ حکومت کے اقدامات وفاق کو ہضم نہیں ہورہے، وزرا

وزرا کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج ان کی پرانی خواہش ہے، ساری چیزیں سندھ میں انہیں نظر آتی ہیں اور کہیں نظر نہیں آتیں، یہ لوگ رمضان میں بھی جھوٹ بولتے ہیں، دیگر صوبوں میں جہاں ان کی حکومت ہے وہاں کیوں بات نہیں کرتے؟ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت کے اقدامات انہیں ہضم نہیں ہورہے، یہ خود لاک ڈاؤن کی تعریفیں کرتے رہتے ہیں اور اب لاک ڈاؤن کی مخالفت کررہے ہیں۔

ارسا کے ارکان کو ہٹانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، وزرا

بیرسٹر مرتضی وہاب نے ارسا کے تین ارکان کو ہٹانے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر اقدام ماضی کے اعلانات کی نفی ہے، ارسا میں صوبوں کے نمائندوں کو یک طرفہ طور پر پر تبدیل کردیا گیا، ارسا میں صوبوں کے نمائندوں کو وفاقی کابینہ نے خلاف آئین ہٹایا، وفاقی حکومت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے فیصلہ کیا جسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں، یہ وفاقی حکومت کا غیر قانونی عمل ہے ہم فوری طور پر وفاق کو خط لکھ رہے ہیں اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو پھر عدالت سے رجوع کریں گے۔

چند کھسکے ہوئے لوگ گورنر راج کی باتیں کررہے ہیں، سعید غنی

سعید غنی نے کہا کہ چند کھسکے ہوئے لوگ سندھ میں گورنر راج کی باتیں کررہے ہیں ان کے اپنے ان کی اس بات کی نہ صرف نفی کررہے ہیں بلکہ مخالفت بھی کررہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 21 رمضان کے جلوس کی اجازت نہیں تھی ہم نے جو بھی فیصلے کیے ماہرین کے مشورے پر کیے، علماء نے ہمارے فیصلوں پر عمل کیا تاہم بازاروں میں لاپروائی برتی جارہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ ہمارا میئر کراچی کو ہٹانے یا معطل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔
Load Next Story