دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی

کورونا وائرس کے باعث اب تک 3 لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 3 لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ اموات کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ گئی جب کہ وائرس سے اب تک 3 لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم 20 لاکھ سے زائد افراد وائرس کو شکست دیکر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعدا 94 ہزار 941 تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آنے والا ہے، ایک ہی دن میں 21 ہزار نئے مریض سامنے آنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔


برطانیہ میں کورونا سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 363 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں جس کے بعد برطانیہ میں اموات کی تعداد 35 ہزار 704 ہوگئی۔ اٹلی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار 330ہوگئی ہے۔

اسپین میں کورونا سےمزید 110 اموات کے بعد ہلاکتیں 27 ہزار 888 تک پہنچ گئی ہیں جب کہ ایران میں اموات کی تعداد 7 ہزار 183 تک پہنچ گئی۔ روس میں بھی مزید 135 اموات سے کل تعداد 2 ہزار 972 ہوگئی۔

دوسری جانب بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ بارہ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ سعودی عرب میں بھی مریضوں کی تعداد ساڑھے 62 ہزار اور قطر میں 37 ہزار ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی ادارۂ صحت کو ایک لاکھ چھ ہزار نئے مریضوں کے متعلق بتایا گیا ہے، جب سے وباء شروع ہوئی ہے ایک دن میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
Load Next Story