ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت جمعتہ الوداع اجتماعات

نماز جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عمل یقینی بنایا جائے، علمائے کرام کی اپیل

کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اللہ پر توکل کے ساتھ احتیاط بھی ضروری ہے، علمائے کرام فوٹو: فائل

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی حکومتی ضابطہ کار کے تحت جمعتہ الوداع کے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی و بقا اور کورونا سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک بھر کی مساجد میں وفاقی حکومت کے ایس او پیز کے تحت جمعتہ الوداع کے اجتماعات ہوئے۔ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد عوام کی جانب سے بھی جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں شرکت کے لیے جوش و خروش تھا جب کہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔


سندھ میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی تھی اور دوپہر 12 سے ساڑھے تین تک سخت لاک ڈاؤن کیا جاتا تھا تاہم جمعتہ الوداع کو لاک ڈاؤن میں سختی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب علمائے کرام نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اللہ پر توکل کے ساتھ احتیاط بھی ضروری ہے، اس لئے نماز جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔
Load Next Story