سانحہ چلاس کے 11 ملزمان کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کرلیا وزیراعظم نواز شریف

گلگت بلتستان میں گھناؤنےجرائم میں ملوث ملزمان کو سزائیں دینے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کافیصلہ کیا گیاہے، وزیراعظم

شاہراہ ریشم اور شاہراہ قرا قرم کو محفوظ بنانے کیلئے اسپشل فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،نواز شریف فوٹو؛ایکسپریس نیوز

NIDERRAU, GERMANY:
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چلاس میں نانگا پربت پر غیر ملکیوں سیاحوں کو قتل کرنے والے 17 ملزمان میں سے 11 کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

گلگلت بلتستان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم نواز شریف نے کہاکہ گلگت بلتستان میں گھناؤنے جرائم میں ملوث ملزمان کے لئے خصوصی قانون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فرقہ واریت، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت میں ملوث ملزمان کو فوری سزائیں دلوانے کےلئے عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لئے اسپشل فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی، اسپیشل فورس کے ذریعے شاہراہ ریشم اور شاہراہ قراقرم کو محفوط بنائیں گے۔


نواز شریف نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کے لئے گزشتہ سال 8 ارب روپے دیئے گئے تھے، ہم چاہتےہیں کہ یہ پیسہ ایمانداری سے استعمال کیا جائے۔ ایک ایک پیسہ قوم کی امانت سمجھ کر خرچ ہونا چاہئے، ایمانداری سے جو کام ہوگا وہ دیرپا ہوگا، ہم گلگلت بلتستان کی حکومت کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ یہاں کاشغر سے لے کر گوادر تک موٹروے طرز کی سڑک بنے گی جب کہ ریلوے لائنیں بھی بچھائیں جائیں گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ترقیاتی کاموں سے گلگت بلتستان میں خوشحالی آئے گی اور جتنی خوشخالی اس خطے میں آئے گی کسی اور خطے میں نہیں آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گلگلت بلتستان میں دل کے امراض کا اسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا، یوتھ بزنس لون سے متعلق بات کرتےہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قرضہ اسکیم میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 21 سے 45 سال کے مرد اور خواتین کو آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا جس میں وہ ایک لاکھ سے 20 لاکھ حاصل کرسکیں گے۔

قبل ازیں گلگت بلتستان کے گورنراوروزیراعلیٰ نےگلگت پہنچنے پر ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا گرمجوشی سےاستقبال کیا، اس موقع پر وزیر اعظم کو روایتی گاؤن بھی پیش کیا گیا۔ وزیر امور کشمیر برجیس طاہر، ارکان قومی اسمبلی ماروی میمن اور کپٹن صفدر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم نے پہنچنے کے بعد گلگت ہوائی اڈے پر نئے تعمیر کئے گئے ٹرمینل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور بریفنگ لی۔
Load Next Story