مصباح کا قیادت اورون ڈے کرکٹ چھوڑنےسےانکار

کپتانی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی کارکردگی پرفخر محسوس کرتا ہوں، بیٹسمین

کپتانی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی کارکردگی پرفخر محسوس کرتا ہوں، بیٹسمین فوٹو : ایکسپریس

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں شکست پر سخت تنقید کے باوجود مصباح الحق ون ڈے کرکٹ اور کپتانی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

دبئی سے وطن واپسی پر لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم بیٹنگ میں برتری ثابت کرنے اور میدان میں حریف پر غلبہ پانے میں ناکام رہے، ہرمیچ کیلیے بہترین پلیئنگ الیون منتخب کرنے کی کوشش کی مگر فیصلہ کن لمحات میں کھیل پر گرفت برقرار نہ رکھ سکے۔


انھوں نے کہا کہ میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی کارکردگی پر بھی فخر محسوس کرتا ہوں،کینگروز سے شکست مایوس کن تھی لیکن ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، مختلف معاملات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سابق کرکٹرز کی فہرست میں محسن خان بھی شامل ہوگئے۔

انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم خاصی کمزور جبکہ اس کیلیے موسمی حالات اور وکٹیں بھی قطعی طور موزوں نہیں تھیں ، ہمارے پاس کینگروز کو10 سال بعد سیریز ہرانے کا سنہری موقع تھا جو مصباح الحق کی تکنیکی غلطیوں اور دفاعی حکمت عملی کے سبب ضائع ہو گیا ، عامر سہیل نے کہاکہ کپتان کو آسٹریلوی ہم منصب مائیکل کلارک کی طرح فاسٹ بولرز کا بہتر استعمال کرنا چاہیے تھا، فیصلہ کن میچ میں اسپنرز کو کامیابی نہیں مل رہی تھی تو جنید خان کو آزمانا زیادہ بہتر ہوتا۔
Load Next Story