محکمہ صحت نے اراکین سندھ اسمبلی اور سیکریٹریٹ ملازمین کو خطرے میں ڈال دیا

اسمبلی اجلاس سے قبل اراکین اسمبلی اور ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے، 50 فیصد سے زائد کو تاحال رپورٹس نہیں ملیں

شرجیل میمن کی اسمبلی سیشن سے پہلے کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی بعد میں مثبت آگئی، مزید اراکین اور ملازمین کے متاثر ہونیکا خدشہ۔ فوٹو، فائل

ISLAMABAD:
محکمہ صحت سندھ کی غفلت نے اراکین سندھ اسمبلی اور اسمبلی سیکریٹریٹ کے ملازمین کو خطرے میں ڈال دیا۔

سرکاری ایس اوپیز کے تحت سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل 50فیصد سے زائد اراکین اسمبلی اور ملازمین کے کرائے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس ہی متعلقہ افراد کو نہیں ملیں اور کئی کورونا پازیٹیو کے حامل اراکین و ملازمین سندھ اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے اور اب کورونا نیگیٹو کے حامل ارکان میں بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں۔

پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کی اسمبلی سیشن سے پہلے کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی تھی تاہم سیشن ختم ہونے کے بعد شرجیل میمن کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی ہے۔ سیکریٹری سندھ اسمبلی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ارکان اسمبلی اور اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین کے کوروناٹیسٹ کی رپورٹس انھیں ملی ہی نہیں ہیں۔ خدشہ ہے کہ سندھ اسمبلی اجلاس میں شریک دیگر اراکین سندھ اسمبلی اور ملازمین بھی کوروناوائرس کے شکار نہ ہوجائیں۔

واضح رہے کہ ایم کیوایم کی رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کو بھی دوران سیشن کوروناٹیسٹ مثبت کی رپورٹ دی گئی تھی۔ محکمہ صحت سندھ کی غیر ذمے داری کے سبب سندھ اسمبلی کے ارکان اور ملازمین وافسران کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ محکمہ صحت کے غیرذمہ دارانہ رویے کے سبب متعدد ارکان اورسندھ اسمبلی کے ملازمین بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہوںگے۔


سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایس اوپی کے تحت 3 جون سے ہونے والے سندھ اسمبلی سیشن کیلیے لازم قرار دیاتھا کہ ارکان اسمبلی اور ملازمین وافسران کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیںگے۔ محکمہ صحت سندھ کو پابند کیاگیاتھاکہ وہ کورونا ٹیسٹ کیلیے نمونے لے کر ٹیسٹ رپورٹس متعلقہ افراد کے حوالے کرے۔

سندھ اسمبلی کے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیلیے نمونے سندھ اسمبلی میں ہی لیے گئے مگر سندھ اسمبلی سیشن کے 5 جون کو ختم ہونے تک رپورٹس بیشتر ارکان اور اسمبلی اسٹاف کو نہیں ملیں۔ حیران کن طور پر کورونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے کے باوجوداجلاس میں شریک ہوتے رہے جس سے وائرس دوسروں کو منتقل ہوا۔

پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کا بھی اتوار کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ شرجیل میمن کی 28 مئی کو کورونا رپورٹ منفی آئی تھی۔ شرجیل میمن سندھ اسمبلی سیشن میں شریک ہوتے رہے جس کے بعد ان کی تیاری رپورٹ ایک بار پھر منفی آگئی ہے۔ ایم کیوایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کو بھی دوران سندھ اسمبلی اجلاس کورونامثبت رپورٹ کے بارے میں مطلع کیاگیا۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی عمرفاروق برڑو نے رابطہ کرنے پر تصدیق کہ ہے کہ محکمہ صحت کے حکام سے متعدد رابطوں کے باوجود ارکان اسمبلی و ملازمین کی کورونا ٹیسٹ رپورٹس نہیں دی گئیں۔ ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی وسیم قریشی نے بھی سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذریعے کوروناٹیسٹ کرایاتھا اور 7 روز گزرنے کے باوجود انھیں کورونا ٹیسٹ مثبت یامنفی آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیاگیا ۔ وسیم قریشی کے مطابق ٹیسٹ کرانے کے بعد اور رپورٹ نہ ملنے پر ان کی اذیت مزیدبڑھ گئی ہے۔

 
Load Next Story