بجٹ میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

گلگت بلتستان کےترقیاتی منصوبوں کےلئے 15 جبکہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کےلئے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

ترقیاتی منصوبوں میں 5 چھوٹے بجلی گھر بھی شامل ہیں فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے وفاق بجٹ میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کردی۔

ایکسپریس کو دستیاب بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی کے وفاقی بجٹ میں گلگت بلتستان کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں(اے ڈی پی) میں شامل منصوبوں کے لئے 15 ارب روپے جبکہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل 10 منصوبوں کے لئے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔


آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل گلگت بلتستان کے ہنزل گلگت کے مقام پر20 میگا واٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لئے 2ارب 52 کروڑ 90 لاکھ روپے، اسکردو میں شغرتھنگ کے مقام پر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لئے ایک ارب 20 کروڑ روپے ، تھگ چلاس میں ہائیڈل پاور پروجیکٹ کیلئے 75 کروڑ روپے ، گلگت نلتر میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لئے 60 کروڑ روپے اور اسکردو میں ہرپو کے مقام پر 34.5 میگا واٹ ہائیڈور پاور پروجیکٹ کے لئے 79 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

اس کے علاوہ گلگت میں 50 بیڈ پر مشتمل امراض قلب اسپتال کے قیام کے لئے 90 کروڑ 77 لاکھ روپے، اسکردو میں پولی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ فار بوائز کے قیام کے لئے 39 کروڑ 50 لاکھ روپے ، گلگت کنو داس سے نلتر ایئرفورس بیس تک سڑک کی اپگریڈیشن کے لئے ایک ارب روپے، اسکردو میں 250 بستروں پر مشتمل اسپتال کے قیام کے لئے 60 کروڑ روپے جبکہ گلگت سٹی میں نکاسی آب کے نظام کے لئے 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دیدی ہے۔
Load Next Story